میرپور خاص، سخت گرمی کے باعث ضلع بھر میں گیسٹرو کے مرض میں اضافہ

173

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) سخت گرمی کے باعث ضلع بھر میں گیسٹرو کے مرض نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے میرپور خاص کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں 50 سے زائد گیسٹرو کے مریض داخل، جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کو علاج و معالجے کے لیے پریشانی کا سامنا۔ میرپور خاص ضلع میں سخت گرمی، گرم ہواﺅں اور مضر صحت آلودہ پانی کے استعمال کی وجہ سے ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں گیسٹرو کے مرض نے وبائی صورت اختیار کرلی ہے اور روز بروز مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ روز میرپور خاص کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں 50 سے زائد گیسٹرو کے مریض داخل کیے گئے ہیں، صرف سول اسپتال میں عقیل احمد، نفیسہ بیگم، زارا، بلال، عبداللہ، سجاد علی، روبینہ، وسیم احمد، سمیت 26 گیسٹرو کے مریضوں کو داخل کیا گیا ہے۔ مریضوں کے مطابق سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور کورونا کے وبائی مرض کے باعث گیسٹرو کے مریضوں کو علاج و معالجے کی سہولیات کا فقدان ہے اور مریضوں پر توجہ نہیں دی جارہی ہے۔