حیدرآباد:رشوت ستانی پر ڈی ایس پی او ایس ایچ او معطل

137

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈی ایس پی پھلیلی اور ایچ ایس او پنیاری کے درمیان رشوت ستانی کی جاری جنگ کا خاتمہ، ایڈیشنل آئی جی نے ڈی ایس پی کو معطل جبکہ ایس ایچ او کی معطلی کے ساتھ سب انسپکٹر کے عہدے پر تنزلی کے احکامات دیتے ہوئے ان کیخلاف تحقیقات کا حکم دے دیا، دونوں افسران کے درمیان سخت جنگ چل رہی تھی۔ ڈی ایس پی پھلیلی اور ایس ایچ او پنیاری کے درمیان جھگڑے اور ڈی ایس پی کی آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد نے ڈی ایس پی فہیم احمد فاروقی کو معطل کردیا جبکہ دوسری جانب رشوت ستانی اور جھگڑے پر ایس ایچ او پھلیلی نیاز پنہور کو بھی معطل کردیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ تھانے کا چھوٹا مشنی عبدالرحمن جو کہ تھانے کے لیے منشیات فروشوں سے منتھلی وصولی کرتا تھا، اس کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے اور تمام منشیات فروشوں کے نمبر کا سی ڈی آر نکلویا جارہا ہے۔ ڈی ایس پی فہیم احمد فاروقی کے مبینہ آڈیو پیغام میں افسران بالا سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ ایس ایچ او پنیاری کی جانب سے ڈی ایس پی کی تذلیل چھوٹے افسران سے ان سے رابطے پر پابندی اور کسی کی بھی فون کال وصول نہ کرنے کی ہدایت اور منشیات سمیت چھاپوں کے دوران برآمد ہونے والے مال میں مبینہ کرپشن کے انکشاف کے ساتھ ہی مذکورہ ڈسٹرکٹ میں ڈی ایس پی کی کوئی عزت نہ ہونے کا شکوہ بھی کیا تھا۔ دوسری جانب ڈی ایس پی کے حوالے سے بھی پرائیویٹ افراد کے ذریعے منشیات فروشوں، سٹہ بازوں سے رقوم کی وصولی کے الزامات بھی لگائے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ علاقہ مین پوری، منشیات، کچی شراب اور سٹہ کے کاروبارکرنے والوں کا گڑھ بن چکا ہے جس کی وجہ پولیس کی جانب سے مبینہ بھتا خوری ہے اور خود پولیس کی سرپرستی میں ایسے کاروبار کرنے والے پھل پھول رہے ہیں۔ مسلسل علاقہ مکین اور پرنٹ والیکٹرونکس میڈیا پھلیلی، پریٹ آباد، پنیاری، نورانی بستی وغیرہ کے علاقوں میں منشیات، کچی شراب، مین پوری کے کاروبار کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے منصوبے کیخلاف آواز بلند کررہے ہیں۔