بزدار حکومت، وزرا اوربیوروکریٹس کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

204

لاہور( آن لائن ) بزدار حکومت نے صوبے میں بہتر کارکردگی نہ رکھنے والے وزرا اور کلیدی عہدوں پر تعینات بیوروکریٹس کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، 4 کو فارغ اور6 کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی وزرا کی20 ماہ کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی گئی، ذرائع کا کہنا ہے وزرا کی3 مرحلوں میں تقسیم شدہ کارکردگی رپورٹ میں
10 صوبائی وزرا کو سی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔رپورٹ میں سی کیٹگری میں آنے والے ان وزرا میں سے ایک خاتون سمیت 4 کو ناقص کارکردگی پر وزارت سے الگ جبکہ 6 کے محکمے تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اس بار تبدیلی کی اس لہر میں وزرا کے ساتھ ساتھ بیوروکریٹس بھی آئیں گے، پنجاب میں 7 سیکرٹریز، 3 کمشنرز، 11 ڈپٹی کمشنرز، 7 ڈی پی اوز، 2 آر پی اوز کی تبدیلی کا بھی امکان ہے۔وزیراعظم عمران خان نے بھی وزیر اعلیٰ کو وزارتوں اور بیوروکریسی میں تبدیلی کی مکمل اجازت دے دی ہے، ممکنہ طور پر تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنرز میں شیخوپورہ، اوکاڑہ ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد، جہلم ، اٹک ، خوشاب، ٹوبہ ٹیک سنگھ بھی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کمشنرز میں گوجرانوالہ ڈویژن سمیت3 کمشنرز کو بھی تبدیل کیا جائے گا جبکہ پولیس افسران میں ڈی پی او ساہیوال، ڈی پی او پاکپتن، ڈی پی او سیالکوٹ، ڈی پی او سرگودھا، ڈی پی او خانیوال کو ممکنہ طور پر تبدیل کیا جاسکتا ہے۔