یوم تکبیر نوازشر یف کی اپنی مٹی سے وفا کی داستان سناتا ہے ، مر یم نواز

222

لاہور( نمائندہ جسارت ) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ کوئی مشکل اور کوئی قربانی نہ کبھی پہلے نواز شریف کی خدمت کی راہ میں رکاوٹ بنی اور نہ کبھی آئندہ بنے گی۔کون ہے جس نے اس چمن کو سنوارا ہے۔پاکستان کی جانب سے کیے جا نے والے ایٹمی دھماکوں کے 22 برس مکمل ہونے پر سما جی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ یوم تکبیر ہر سال نواز شریف کی اپنی مٹی سے وفا کی داستان سناتا ہے۔ وہ داستان جو وفاؤں سے شروع ہو کر جعلی سزاؤں پر ختم ہوتی ہے۔ مگر سلام ہے نواز شریف پر کہ کوئی مشکل اور کوئی قربانی نہ کبھی پہلے نواز شریف کی خدمت کی راہ میں رکاوٹ بنی اور نہ انشاء اللہ آئندہ بنے گی۔اپنی ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ پوچھو اس دھرتی کی مٹی کے اِک اِک ذرے سے، اس کے دریاؤں میں بہتے پانیوں کی ایک ایک بوند سے کہ کون ہے جس نے اس چمن کو سنوارا ہے، اس کی سرحدوں کو اور آسمانوں کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔ وہ کون ہے جو سب قربان کرکے بھی عہد ِوفا نبھارہا ہے اور نبھاتا رہے گا۔دریں اثناء یوم تکبیر کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہاکہ آج کے دن مسلم لیگ کی حکومت نے ملک کو نیا استحکام بخشا۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے سامنے سر اٹھا کر جینا چاہتے ہیں اور ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے سربراہ کنفیوزڈ ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے اور مقبوضہ وادی بیگناہ کشمیریوں کے خون سے سرخ ہو رہی ہے۔لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما سعد رفیق نے کہا حکمرانوں کے چلن ملک چلانے والے نہیں، ملک میں جمہوریت نہ ہو تو ایٹم بم بھی کام نہیں آتا۔احسن اقبال نے کہا کہ قومی اداروں کی صلاحیت بدترین سطح پر آگئی ہے، معیشت تباہ ہو جائے تو باقی کیا بچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں اپنی خود مختاری اور آزادی کا پہرہ دیا۔ 22 سال قبل ایک فیصلے نے پاکستان کو پوری دنیا میں باعزت مقام دلوایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے دنیا کو بتا دیا تھا کہ ہم پابندیاں برداشت کرلیں گے لیکن غلامی قبول نہیں کریں گیسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کی ایٹمی صلاحیت مضبوط معیشت کی ضامن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی دفاعی ناقابل تسخیر بتایا لیکن عمران نیازی نے خوشحال پاکستان کو اجاڑ دیا۔ جو کسی عذاب سے کم نہیں۔