میر شکیل الرحمن کی درخواست ضمانت پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

175

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ میں 2 رکنی بینچ کی عدم دستیابی کے باعث نجی اخبار کے مالک میر شکیل الرحمن کی درخواست ضمانت غیر معینہ مدت تک کیلیے ملتوی کر دی گئی، جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں نیب کیسز کی سماعت کرنے والے 2 رکنی بینچ کی کاز لسٹ منسوخی کے باعث کیس سماعت کیلیے مقرر نہ ہو سکا، عدالت نے میر شکیل کی رہائی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر رکھا تھا۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ میںجسٹس طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل تشکیل دیا گیا نیا 2 رکنی بینچ یکم جون سے نیب کیسز کی سماعت شروع کرے گا۔ میر شکیل الرحمن کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے گرفتاری سے قبل اپنے ہی بنائے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، نیب کی جانب سے دوران تفتیش کچھ برآمد نہیں ہوا، 34 برس قبل خریدی گئی پراپرٹی کے تمام شواہد نیب کو فراہم کیے جاچکے ہیں۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست سماعت کیلیے منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے۔