نواز شریف ایٹمی دھماکوںکے نہیں سرمائے کے حامی تھے،فیاض الحسن

161

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شریف خاندان کی جانب سے 28 مئی 1998ء کے ایٹمی دھماکوں کی نیک نامی لینے کو’’بیگانے کی شادی میں عبداللہ دیوانہ‘‘ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کا ایٹم بم اتفاق فاؤنڈری میں تیار ہوا ہوتا تو پھر قوم آلِ شریف کو کریڈٹ دینے کو تیار ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف ایٹمی دھماکے کرنے کے خلاف اور عالمی قوتوں کے ساتھ مالی لین دین کے لیے سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو قائل کرنے میں مصروف تھے۔ اس بات کا اعتراف نواز شریف کے دور کے وزیر خارجہ گوہر ایوب اور ڈاکٹر عبد القدیر خان نے اپنی تحریروں اور انٹرویوز میں بھی کیا ہے، ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ لینے پر مسلم لیگ ن کی قیادت کو شرم آنی چاہیے۔ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کا کریڈٹ ذوالفقار علی بھٹو، جنرل ضیا الحق، اسحاق خان اور ڈاکٹر عبدالقدیر کو جاتا ہے، عوام ان شخصیات کو ملک کو ایٹمی قوت بنانے کی کوششوں پر سلامِ محبت پیش کرتی ہے۔