پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر دفاعی حکمت عملی طے کی جائے، فرید پراچہ

139

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے جہاں مشترکہ دفاعی حکمت عملی طے کی جائے، بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوم میں یکجہتی اور جذبہ جہاد کی موجودگی ضروری ہے اس سلسلے کے اصل اقدامات خود حکومت کو کرنا ہوں گے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے لیے بھی سا لمیت وطن اور آزادیٔ کشمیر کے ایجنڈے پر قومی یکجہتی کا بے مثال اظہار لازمی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت اپنے متعصبانہ ایجنڈے کی وجہ سے محدود ہوتی جارہی ہے ۔ بھارت چین، نیپال ، بنگلا دیش اور خود پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کر رہاہے اور مودی سرکار تیزی سے تباہی کے گڑھے کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ اس موقع پر پاکستان کی طرف سے بھارت کو دندان شکن جواب ملناچاہیے ۔ حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے جہاں مشترکہ دفاعی حکمت عملی طے کی جائے ۔ حکومت میڈیا کے ذریعے ملی جذبات کی آبیاری کی حکمت عملی طے کر کے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔