پتا کرو کون پولیس افسر تھا جس نے نوٹس وصول نہیں کیا‘ سندھ ہائیکورٹ

238

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں تھانہ پاکستان بازار کی حدود میں شگفتہ نامی خاتون کو حراساں کرنے کا معاملہ عدالت نے ایس ایچ او پاکستان بازار کے خلاف ایس ایس پی ویسٹ کو تحقیقات کا حکم دے دیا ۔سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان بازار کی حدود میں خاتون کو ہراساں کرنے سے متعلق سماعت ہوئی جہاں عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے ایس ایچ او پاکستان بازار پر برہمی کا اظہار کیا ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ کا نوٹس موصول نہیں ہوا، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تھانے میں عدالتی عملے کو کہا گیا کہ ہیڈ محرر نوٹس وصول کرے گا،اب تھانہ ہائیکورٹ کے نوٹس کے ساتھ یہ کرے گا تو باقی لوگوں کے ساتھ کیا کرتا ہو گا؟عوام کو تھانے میں گھسنے بھی نہیں دیتے ہوں گے؟کون ہے علاقے کا ایس ایس پی؟ ہم اسکو ایس ایچ او کے خلاف تحقیقات کا حکم دیں گے، ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ علاقے کا ایس ایس پی فدا جانوری ہے، جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ پتا کرو کون تھا وہ افسر جس نے ہائیکورٹ کا نوٹس وصول نہیں کیا ،تھانے میں ایس ایچ او سے بڑا کوئی افسر ہوتا ہے کیا؟ عدالت نے استفسار کیا کہ جب نوٹس ہی نہیں ملا تو پھر عدالت کیسے آئے ہیں؟ ایس ایچ او نے بتایا کہ مجھے آئی جی آفس سے فون پر عدالت میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے؟ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پولیس اور سابق شوہر کی جانب سے مجھے مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں اور ہراساں کیا جارہا ہے،عدالت نے ایس ایچ او پاکستان بازار کے خلاف ایس ایس پی ویسٹ کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔