عمران خان پاک کینیڈا تعلقات کیلئے بہتر اقدامات کررہے ہیں،ایس ایم منیر

116

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرایس ایم منیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کینیڈاجسٹن ٹروڈو اور وزیراعظم پاکستان عمران خان باہمی تعلقات کی وسعت کیلئے قابل قدر اقدامات کررہے ہیں اورپاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارتی تعلقات میںمزید بہتری کیلئے انکی کوششیں جاری ہیں، کورونا وائرس سے مقابلے کیلئے وزیراعظم کینیڈاجسٹن ٹروڈونے بہترین اقدامات کئے جس کی وجہ سے کینیڈا نے کورونا وباء کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے پیش قدمی شروع کردی ہے اوریہ اطلاع خوش آئند ہے کہ کینیڈا کی ایک دوا ساز کمپنی نے کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری شروع کردی ہے اور اب یہ کمپنی کورونا وائرس کے علاج کیلئے درکار اہم اینٹی باڈیز کی نشاندہی اور تجربات کیلئے کام شروع کر رہی ہے، عمران خان حکومت کی جانب سے بہترین اقدامات کے سبب جلد ہی پاکستان بھی کورونا وباء سے نجات حاصل کرلے گا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین اورکینیڈا کے معروف بزنس مین نوید بخاری سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایس ایم منیر کے ہمراہ یو بی جی ترجمان گلزارفیروزبھی موجود تھے۔ ایس ایم منیر نے ٹورنٹو میں پاکستان قونصلیٹ اورکینیڈا میں یو بی جی کے چیئرمین نوید بخاری کی جانب سے پاکستان اور کینیڈا کے بزنس مینوں کو قریب لانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی سفارتکاروں کی کارکردگی بے مثال ہے جودوطرفہ تعلقات میں اضافے کیلئے مثبت کوششوں میں مصروف ہیں ، اگر دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کو ایک دوسرے کے ممالک کے دورے میں آسانی مہیا کی جائے تو نہ صرف سرمایہ کار آگے بڑھیں گے بلکہ تجارتی نمائشوں کے ذریعہ دوطرفہ تجارت بھی بڑھ سکے گی۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی ایف پی سی سی آئی میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے بینرتلے متحد ہے اور ہم اپنے گروپ چیئرمین افتخار علی ملک اور یو بی جی ٹیم کے ساتھ بہتر انداز میں بزنس کمیونٹی کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں اوریو بی جی بیرون ممالک میں بھی پاکستان کیلئے فخر کا باعث ہے اور خدمات کا دائرہ دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی بزنس مینوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر کینیڈا میں یو بی جی کے چیئرمین نوید بخاری نے ایس ایم منیر کی خیریت دریافت کرتے ہوئے انکی مکمل صحتیابی کی دعا کی اور کہا کہ ایس ایم منیر پاکستان کے وہ واحدبزنس لیڈر ہیں جو امریکا،کینیڈا اور دیگر ممالک میں مقبول ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستانی مصنوعات کو کینیڈین مارکیٹوں تک رسائی بڑھانے اورتجارت میں تیزی لانے کیلئے کام کررہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں کینیڈاکے ساتھ سفارتی، تجارتی تعلقات مزید بڑھنے کے قوی امکانات ہیں ۔کینیڈین مارکیٹوں میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اورپاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے جدیدخطوط پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔