گرانٹ بریڈبرن ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ مقرر

224

لاہور(جسارت نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈ نے گرانٹ بریڈ برن کو ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ ،ثقلین مشتاق کو ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ اور عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنزمنیجر مقرر کردیا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق یہ تقرریاں ہائی پرفارمنس سینٹر کی ری ا سٹرکچرنگ کا حصہ ہیں جس کا مقصد نوجوانوں، خواہشمند سپورٹ اسٹاف اور کھلاڑیوں کو ایک واضح راستہ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں تقرریاں تعیناتی کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی گئی ہیں، امیدواروں کی تقرری کیلئے ایک اعلیٰ سطحی پینل تشکیل دیا گیا جس میں کرکٹ کمیٹی کے اراکین بھی شامل تھے ۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر پاکستان میں کرکٹ کا دل ہے جو پاکستان کرکٹ کی سمت کا تعین کریگا،خوشی ہے کہ وہ اس کی تشکیل، بین الاقوامی معیار کے مطابق اس میں جدت لانے اور اسے معیار کے مطابق حیثیت دلانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہائی پرفارمنس سینٹر کیلئے ایک ایسی تجربہ کار ٹیم بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو اپنے ساتھ وسیع بین الاقوامی تجربہ اور علم لارہی ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی کا مقصد قومی کرکٹ ٹیم کو دوبارہ ٹاپ رینکنگ میںپہنچانا اور اس کا سنہری دور واپس لانا ہے، اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا وہ پراعتمادہیں کہ ندیم خان، گرانٹ بریڈ برن اور ثقلین مشتاق مل کر ایسے پروگرامز اورنظام متعارف کروائیں گے، جس سے ہائی پرفارمنس سینٹر کے نئے مقاصد تیار ہونگے جو اسے سینٹر آف ایکسلینس اور پی سی بی کے ماتھے کا جھومر بنائیں گے، پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں گرانٹ بریڈ برن کے متبادل کا فیصلہ جلد کردیگا۔