صنعتکاروں کا انڈسٹریز میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ

164

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست زبیر موتی والا اور صدر سلیمان چاؤلہ نے بی ایم جی کے رہنما سراج قاسم تیلی کی جانب سے لاک ڈاؤن کو آسان بنانے اور شہر بھر میں فوجی جوانوں کی تعیناتی کے مطالبے کی حمایت کی ہے تاکہ لوگوں کو مجوزہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی ترغیب دی جاسکے اور کرونا وبا سے لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایس او پیز پر لازمی طور پر سختی سے عمل درآمد کرکے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالے بغیر طویل عرصے تک کاروبار کو جاری رکھا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ 2ماہ سے زائد عرصے لاک ڈاؤن کی وجہ سے معیشت کو پہلے ہی بھاری نقصانات کا سامنا ہے لہٰذا ملک کو معاشی طور پر مکمل تباہی سے بچانے کے لیے فوری طور پر تمام صنعتوں اور تجارتی سرگرمیوں کو بحال کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے صنعتوں کو چلانے میں درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دیگر صنعتوں کو بھی اپنی پیداواری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔اس وقت دو بڑے عوامل ہیں جن میں ایک یہ کہ جن صنعتوں کو اجازت دی گئی ہے انہیں اپنی صنعتیں چلانے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے کیونکہ ان کی پیداوار کا انحصار وینڈرز کی جانب سے سپلائی پر ہوتا ہے دوسرا یہ کہ مقامی مارکیٹوں میں سپلائی تقریباً ختم ہوگئی ہے اس کے علاوہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے طویل بندش کے نتیجے میں کئی کاروباری ادارے اپنا سرمایہ خرچ کرچکے ہیں لہٰذا ممکن ہے کہ وہ اب دوبارہ اپنا کام کرنے کے قابل نہ رہیں۔انہوں نے کرونا کے خطرات اور تیزی سے بڑھتے کیسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اس کی وجہ معاشرے کے تقریباً تمام طبقوں کی جانب سے ایس اوپیز پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد نہ کرنا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت ایس اوپیز پر عمل درآمد کی تعمیل میں ہی ہماری بقا ہے جس کی ذمہ داری پاک فوج کو سونپی جانی چاہیے جو دنیا بھر میں اپنے نظم وضبط کی وجہ سے مشہور ہے لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو بچانے ، عوام کو نظم وضبط کا پابند بنانے اور ایس اوپیز پر عمل درآمد کرنے کی ترغیب دینے کے لیے فوج کو آگے آنا چاہیے جو وطن عزیز کو تباہی سے بچانے کا واحد راستہ ہے۔زبیر موتی والا نے اس خدشے کا اظہا رکیا کہ اگر کاروبار بدستور معطل رہا توملک میںانتشار کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔انہوں نے وفاقی وصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے دانشمندی سے کام لیا جائے اورلاک ڈاؤن کو آسان بنانے ، تمام صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو ایس اوپیز پر عمل درآمد کرنے کی ترغیب دینے کے لیے فوج کو تعینات کیا جائے۔