اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی مہم‘ کئی فلسطینی زیر حراست

161

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی مہم کی آڑ میں فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد دھاووں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ غرب اُردن کے شمالی شہر طولکرم میں چھاپے کے دوران 28 سالہ عبدالرحیم ولید صباح اور 20 سالہ کرم راید محمد عمار کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا جب کہ طولکرم کے جنوب میں فرعون کے مقام سے فلسطینی طالب علم 18 سالہ محمود نبیل حسن عدوان کو حراست میں لیا۔ اُدھر رام اللہ میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران 3 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔شمال مغربی رام اللہ میں بیت ریما کے مقام پرچھاپے کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے نورالدین البرغوثی کو اس کے گھرسے گرفتار کیا۔ ابو شخیدم کے مقام پر چھاپے کے دوران محمود عماد ابو سلیم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔قلقیلیہ میں تلاشی کے دوران 25 سالہ مصعب محمد سمیح قطیش، اور نابلس کی زعترہ چیک پوسٹ سے 20 سالہ فہد بلال یحییٰ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ علاوہ ازیں قابض اسرائیلی فوجیوں نے رام اللہ اور مقبوضہ بیت المقدس سے 3 فلسطینی شہری گرفتار کر لیے۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی پولیس فورس نے اپنی سزا پوری کرکے رہا ہونے والے اسیر اسامہ علیان کو العیسویہ ضلعے اور احمد ابو صبیح کو پرانے شہر سے اغوا کر لیا۔مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی انٹیلی جنس نے مقبوضہ بیت المقدس اسکاوٹ کمیشن کے چیف ماھر محیسن کو موسکوبیا تفتیشی مرکز میں تفتیش کا پروانہ جاری کیا۔