سعودی ولی عہد اور روسی صدر کے درمیان تیل قیمتوں پر گفتگو

198

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنمائوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوںپر بات چیت کی۔ کریملن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدر پیوٹن اور شہزادہ محمد تیل کی پیداوار میں کمی کے سلسلے میں تعاون بڑھانے پر متفق ہوگئے ہیں۔ پیوٹن نے تیل کی پیداوار روکنے کے لیے اوپیک پلس گروپ کے فریم ورک کے تحت اپریل میں طے پانے والے معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ ماسکو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور روس کی پٹرولیم وزارتیں تیل کی پیداوار اور دیگر امور پر ساتھ مل کر کام کرنے پر متفق ہیں۔ دوسری جانب امریکی وزارت دفاع کے ترجمان شون رابرٹسن نے کہا ہے کہ امریکی فوج مشرق وسطیٰ میں ایران سے لاحق خطرات ے نمٹنے کے لیے مضبوط صلاحیتیں رکھتی ہیں۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا سعودی عرب کے ساتھ طویل المیعاد دفاعی شراکت داری کا پابند ہے اور اس کی کئی صورتیں ہیں۔ ان میں انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون اور خطے میں بحری و فضائی سیکورٹی کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا شامل ہے۔