پانی بحران پر قابو پانے کیلیے اقدامات کیے جائیں،ارشد وہرہ

105

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کی مرکزی نیشنل کونسل کے رکن اور سابق ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کے بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی بحران پر قابو پانے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ پی ایس پی اہلیانِ کراچی کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی اگر پانی کی قلت ایسے ہی برقرار رہی تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ پاکستان ہاؤس میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے ارشد وہرہ کا کہنا تھا کہ باوجود اس کے کہ کراچی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے بجٹ میں بالترتیب 70 فیصد اور 90 فیصد ادا کرتا ہے، کراچی میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں، یہاں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ الیکشن میں کراچی سے نشستیں لے کر حکومتیں بنانے والے صرف اور صرف سیاست میں مصروف ہیں۔ کراچی کے مسائل کو حل کرنے کیلیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے۔