جھوٹی ایف آئی آ ر درج کرنے پر رضویہ تھانے کے باہر احتجاج

257

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رضویہ پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر جھوٹی ایف آئی آر کاٹے جانے کے خلاف علاقہ مکینوں نے تھانے کے باہر احتجاج کیا ، مظاہرین نے ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی سینٹرل سے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او کو برطرف کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق رضویہ تھانے کے باہر کشمیری محلے کے مکینوں نے مقامی ایس ایچ او مظفر علی صدیقی کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا ، مظاہرے میں خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز رضویہ پولیس نے مذکورہ محلے سے عابد حسین کشمیری نامی نوجوان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا اور کئی گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھنے کے بعد جھوٹی ایف آئی آر درج کر دی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ تھانیدار نے فیضی نامی شخص کو اسپیشل پارٹی کا انچارج بنا رکھا ہے جو کہ پرائیویٹ ہے، فیضی نامی شخص کو اگر کوئی رشوت نہیں دیتا تو تھانے لاکر جھوٹی ایف آئی آر درج کرادیتا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب بھی رشوت نہ ملنے پر نوجوان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے،تھانے کے باہر مظاہرین نے ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی سینٹرل سے اپیل کی ہے کہ اس جھوٹی ایف آئی آر کی تحقیقات کرائی جائے اور ایس ایچ او مظفر علی صدیقی کو معطل کیا جائے ۔