پرانی سبزی منڈی کے قریب چھاپا،کروڑوں کے اسمگل شدہ ٹائر برآمد

328

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی میں کسٹمز نے اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں،کسٹمز ٹیم نے پرانی سبزی منڈی کے قریب اسمگل شدہ ٹائروں کی خفیہ اطلاع پر گوداموں پر چھاپا مارا جس کے دوران کروڑوں روپے مالیت کے ٹائر برآمد کیے گئے ۔اسمگل شدہ ٹائروں کو 18گاڑیوں کی مدد سے منتقل کیا جا رہا تھا جن میں 10ٹرالر اور 8ٹرک شامل تھے، چھاپے کے دوران اسمگلر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔کسٹم حکام کے مطابق اسمگل شدہ ٹائروں کے خلاف اب تک کی یہ کسٹم کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کسٹم نے شاہراہ فیصل نرسری کے قریب چھاپا مارکر 5کروڑ روپے سے زائد کا کپڑا بھی برآمد کیا تھا جبکہ صدر کے علاقے سے کچھ روز قبل گودام سے اسمگل شدہ شیشہ، فلیور اور شیشے میں استعمال ہونے والا کروڑوں روپے مالیت کا سامان بھی برآمد کیا تھا۔