پولیس کی کارروائیوں میں 23 ملزمان گرفتار، اسلحہ ودیگر اشیا برآمد

236

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اے وی ایل سی، انویسٹی گیشن اور آپریشن پولیس نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے موٹرسائیکل لفٹرز،قاتل، ڈکیت اور رہزن سمیت 23 ملزمان گرفتار کرلیے،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ موٹر سائیکلیں، داؤ پر لگی نقدی، تاش کے پتے، گٹکا اور شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نارتھ ناظم آباد ڈویژن کراچی نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مار کر بدنام زمانہ کھوکھر موٹر سائیکل چور گروپ کے 2کارندے جمشید کھوکھر اور وقار کھوکھر کو گرفتار کر لیا ، دو نو ں ملزمان سگے بھائی ہیں، ملزمان کے قبضے سے 3ہنڈا موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں، ملزما ن کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے ۔ملزمان نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ ان کا پورا خاندان کھوکھر گروپ کا سرغنہ ہے۔منگھوپیر انویسٹی گیشن پولیس نے جھگڑے کے دوران بھائی کو قتل کرنے میں ملوث ملزم بھائی احمد عرف بابر کو گرفتار کرلیا۔نیپئر پولیس نے شراب بلیک میں فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرکے 12 بوتلیں شراب برآمد کرلیں۔ بغدادی پولیس نے جوئے کی محفل پر کارروائی کرتے ہوئے 6 جواریوں کو گرفتار کرکے قبضے سے داؤ پر لگی رقم ودیگر اشیا برآمد کرلیں،بغدادی پولیس نے ایک منشیات فروش،فیروز آباد پولیس نے 2منشیات فروشوں اور کلاکوٹ پولیس نے گٹکا ماوا فروخت کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے گٹکا برآمد کرلیا۔ گارڈن، پی آئی بی کالونی اور لانڈھی سے رہزن سمیت 5 افراد پکڑے گئے۔