ٹڈی دل سے چاروں صوبوں میں صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے‘ این ڈی ایم اے(کسانوں کو50ارب کی سبسڈی دینے کافیصلہ )

534

اسلام آباد / لاہور،صادق آباد (نمائندہ جسارت + خبرایجنسیاں )این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ٹڈی دل سے چاروں صوبوں میں صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے جب کہ وفاقی حکومت نے کسانوں کو50ارب کی سبسڈی دینے کافیصلہ کیا ہے ۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ر پورٹ میں کہا ہے کہملک کے 60 اضلاع میں ٹڈی دل نے ڈیرے جمالیے ہیں،بلوچستان میں 31، خیبرپختونخوا میں 9، پنجاب میں 10، سندھ کے 10 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں، صادق آباد، روجھان، جام پور اور دشت میںجمعرات کو بھی ٹڈیوں نے حملے کیے، فصلوں کو نقصان پہنچایا۔ملک میں ٹڈی دل کی یلغار سے چاروں صوبوں میں صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے، ملک بھر میں 1127 ٹیمیں لوکسٹ کنڑول آپریشنز میں شریک ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں 2 لاکھ 90 ہزارایکڑرقبے کا سروے ہوا۔جمعرات کو صادق آباد میں ٹڈی دل نے بھونگ، نواز آباد چوک، ماہی چوک، رحیم آباد اور شہباز پور کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس سے آم کے باغات متاثر ہوئے، کاشت شدہ فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا، روجھان میں بھی ٹڈی دل نے حملہ کر دیا جس سے کپاس، گنے، سبزیوں سمیت دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں، کسان اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیوں کو بھگانے میں مصروف رہے، جام پور میں ٹڈیوں نے بھی یلغار کی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ فخر امام نے کہا ہے کہ ٹڈی دل سے متاثرہ کسانوں کو کھاد سمیت دیگر اشیا پر 50 ارب کی سبسڈی دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو کورونا وائرس کا چیلنج درپیش ہے، ٹڈی دل کا مسئلہ بھی سر اٹھا رہا ہے، وہ 27 برس بعد پاکستان میں داخل ہوئی اور روزانہ 170 کلو میٹر سفر کرتی ہے، قومی ایکشن پلان کے تحت اس کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں،محکمہ زراعت ، ڈپٹی کمشنر اور پاک فوج کے جوان اس کامقابلہ کر رہے ہیں ۔ فخر امام نے کہا کہ جون میں ٹڈی دل کے غول مسقط سے حملہ آور ہوں گے، جہازوں کے ذریعے ان کا خاتمہ کریں گے، پلانٹ پروٹیکشن کے پاس 1990 میں 20 جہاز تھے، اب 2 ہیں ، ایک گر کر تباہ ہو گیا، مزید 5منگوا رہے ہیں، ہمیں ماہرین کی بھی کمی ہے۔صباح نیوز کی ر پورٹ کے مطابق پنجاب اور سندھ میں ٹڈی دل کے حملے میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں ۔صادق آباد میں ٹڈی دل نے ایک بار پھر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں کپاس اور آم کے باغات کو شدید نقصان پہنچا جبکہ محکمہ زراعت کے عملے کی جانب سے اسپرے کیا گیا۔مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے حملے میں کپاس کی فصل مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ملک کے61 اضلاع میں ٹڈی دل نے حملے کرکے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے جبکہ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ناکافی اقدامات کے سبب کسان شدید گرمی کے باوجود ہاتھوں میں تھال اور پلاسٹک کی بوتلیں لیے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیاں بھگانے کی کوششوں میں مصروف رہے ۔پنجاب اور سندھ میں ٹڈیاں بے قابو ہوگئی ہیں۔