ملبے سے بدقسمت طیارے کا وائس ریکارڈر مل گیا

296
کراچی: سیکورٹی فورسز کی زیر نگرانی طیارہ حادثے کی جگہ سے ملبہ جناح ائرپورٹ منتقل کیا جارہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گزشتہ جمعہ کو کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر ملبے کے نیچے سے مل گیا ہے ۔ تحقیقات کے لیے کراچی آئی ہوئی ائر بس کی ٹیم نے بدھ کو فرانزک ٹیسٹ مکمل کرنے کے بعد طیارے کا ملبہ اٹھانے کی اجازت دے دی تھی جس کے بعد سے ملبے کو اٹھانے کا کام جاری تھا ۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق ملبہ اٹھانے کے دوران گمشدہ کاک پٹ وائس ریکارڈر مل گیا ہے جس کی ڈی کوڈنگ کے بعد اصل صورتحال سامنے آنے میںمدد ملے گی ۔ائر بس کمپنی کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈ ان کے ماہرین کی ٹیم نے دریافت کیا جبکہ محکمہ ہوابازی کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر کے لیے انہوں نے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی ۔ طیارے کے ملبے کو جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ہی منتقل کیا جارہا ہے ۔ ائر بس کی ٹیم نے جمعرات کو کنٹرول ٹاور ، اپروچ اور ریڈار کنٹرول کا معائنہ کیا اور وہاں پر موجود افسران و عملے سے بات چیت کی ۔ ائر بس کی ٹیم کو پی آئی اے ہیڈ کوارٹر میں بھی جمعرات کو بریفنگ دی گئی ۔