لاک ڈاؤن سے پریشان عوام پر بجلی گرانے کی تیاری‘ فی یونٹ 2روپے اضافہ متوقع

195

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن سے پریشان عوام پر بجلی گرانے کی تیاری کرلی ہے، فی یونیٹ 2روپے اضافہ متوقع ہے۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے مہنگائی، بے روزگاری اور لاک ڈاؤن میں پھنسے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے جس سے عوام پر 162 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑ جائے گا اور وہ مزید بے حال ہوجائیں گے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)3جون کو اس اہم معاملے پر سماعت کے بعد حتمی منظوری دے گا۔ بجلی کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹ منٹس کی مد میں درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ ان میں اکتوبر سے دسمبر 2019ء کے لیے 73 ارب روپے سے زائد اور جنوری سے مارچ 2020ء کے لیے 89 ارب روپے سے زائد وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔دستاویز کے مطابق آئیسکو 16 ارب روپے سے زائد، لیسکو 28 ارب، گیپکو 13 ارب، فیسکو اور میپکو 23 جبکہ پیسکو 29 ارب روپے سے زاید کی وصولی چاہتا ہے۔حیسکو نے 10، کیسکو نے 14، سیپکو نے 4 اور ٹیسکو نے 88 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کی درخواست کی ہے۔