مدارس کا 20شوال سے تدریسی عمل شروع کرنے کا اعلان

370

راولپنڈی(آن لائن) وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے10شوال سے مدارس میں داخلے شروع کرنے اور 20 شوال سے تدریسی عمل شروع کرنے کا اعلان کردیاہے تاہم حتمی فیصلہ وفاق المدارس اور اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کی قیادت کرے گی ،آج جمعہ کے اجتماعات میں قوم کو مدارس کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا،پرائیویٹ اسکولوں اور زندگی کے دیگر شعبوں کے ذمے داران سے بھی مشاورت کی جائے گی اس امر کا اعلان جامعہ اسلامیہ میں وفاق کے اجلاس میں کیا گیا۔پنجاب کے ناظم مولانا قاضی عبدالرشید کی زیرصدارت اجلاس میں اسلام آباد راولپنڈی،مری ،کہوٹہ،اٹک،حضرو،ٹیکسلا،حسن ابدال سمیت دیگرعلاقوں سے علما،ائمہ و خطبا اور مدارس کے منتظمین نے شرکت کی ۔قاضی عبدالرشید نے کہاکہ امتیازی پالیسیوں کی وجہ سے ہم حکومت سے کسی قسم کا مطالبہ نہیں کرتے ، اگر بازار کھل سکتے ہیں اور جلوس نکل سکتے ہیں تو مدارس کیوں نہیں کھولے جاسکتے ،مساجد کی طرح مدارس کے معاملے میں بھی تمام احتیاطی تدابیر پیش نظر رکھتے ہوئے تعلیم و تعلم کا سلسلہ شروع کریں گے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ ہم اپنی تجاویز اور مطالبات مدارس کی قیادت اور دینی سیاسی جماعتوں کے قائدین کے سامنے رکھیں گے۔اجلاس میںتبلیغی مراکز اور جماعتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ۔