دسویں این ایف سی کیخلاف درخواست پر وفاق سے جواب طلب

163

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے دسویں این ایف سی کی تشکیل کیخلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔ جمعرات کو مسلم لیگ ن کے ایم این اے خرم دستگیر کی طرف سے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران وکیل نے کہا کہ میڈیا میں رپورٹ ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی این ایف سی تشکیل پر اعتراضات اٹھائے ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ مفروضوں پر نہ جائیں حقائق پر بات کریں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر جو آپ حل نہیں کر پاتے وہ یہاں لے آتے ہیں، اگر یہ درخواست مسترد ہوئی تو آپ پر مثالی جرمانہ عاید ہو گا۔ ایڈووکیٹ محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ آئین کے مطابق واضح لکھا ہے کہ پاکستان کو منتخب نمائندے چلائیں گے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اس کیس میں صرف یہ دیکھنا ہے کہ مشیر خزانہ واحد ہے کیا وہ بغیر مشاورت سے تعینات ہوا۔ عدالت نے دلائل کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔