سندھ حکومت کی کارکردگی تسلی بخش نہیں‘ نجات ناگزیر ہوگئی‘ حسین محنتی

119

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ فرسودہ نظام اورکرپٹ قیادت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک ترقی اورعوام مسائل کی دلدل سے باہر نہیں نکل سکتے،اسلام کامساوات پرمبنی عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت ہی دنیا میں امن ،ملکی خوشحالی اورعوام کومسائل سے چھٹکارا دلا سکتے ہیں۔کورونا کے حوالے سے سندھ حکومت کی کارکردگی کو ہرگزتسلی بخش نہیں کہا جاسکتا،حکومت نے عوام کوریلیف اورحوصلہ دینے کے بجائے خوف اورافراتفری کا ماحول پیداکیا،عجیب تماشا ہے کہ کلمہ طیبہ کے نام سے معرض وجود میں آنے والے ملک میں مساجدکوبند اورشراب خانے کھلے ہوئے ہیں جوکہ اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ سندھ حکومت کے دین بیزار ی اقدامات سے قوم کو سخت تشویش ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ گلشن معمار کے تحت مسجد ابو حزیفہ میں ایس او پیز کے پیش نظرغیررسمی عیدملن اور ناظم علاقہ ابوالخیر کی رہائشگاہ پردیے گئے عصرانے سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پرطیارہ حادثہ کے شہداء کورونامریضوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی خصوسی دعا کی گئی۔قیم ضلع شمالی عرفان احمد، ضلعی صدرپبلک ایڈ کمیٹی ابوالضیاء،راشد رند اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا سمیت دیگر مقامی احباب بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ رمضان مسلمانوں کی جسمانی اورروحانی ٹریننگ کا مہینہ ہے۔جس نے بھی ایمان واحتساب کے ساتھ رمضان کا مہینہ گزارا وہ کامیاب ہوگیا۔قبل ازیں ناظم علاقہ نے کورونا ریلیف رمضان راشن ودیگرسرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔