تین میڈیا ورکرسمیت مزید36جاں بحق۔20ہزار سے زاید صحت یاب

242

اسلام آباد،لاہور ،پشاور،کراچی(نمائندہ جسارت + اسٹاف رپورٹر+خبر ایجنسیاں)ملک میں3 میڈیا ورکر سمیت مزید36 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق جب کہ اب تک 20ہزار سے زاید مر یض صحت یاب ہو گئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابقملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 2076 نئے کیسزاور مزید 36 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ 8 ہزار 687 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، ملک بھر میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد 39 ہزار 736، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی61 ہزار 227 تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2076 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، 36 مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات 1260 ہو گئی ہیں۔ این سی او سی کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 24 ہزار 206 کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 22 ہزار 37 تک پہنچ گئی ہے۔خیبرپختونخوا میں کیسز کی تعداد 8 ہزار 483 اوراسلام آباد میں 2015 ہو گئی۔ بلوچستان میں 3616، گلگت بلتستان میں 651 کیسز رپورٹ ہوئے ۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 219 ہو گئی۔ ملک بھر میں اب تک 20 ہزار 231 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 36 اموات ہوئی ہیں۔ کورونا وائرس سے موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 1260 تک پہنچ گئی جن میں سندھ میں 380، پنجاب میں 381، کے پی کے میں 425، گلگت بلتستان 9، آزاد جموں و کشمیر میں 5، اسلام آباد میں 19 اور بلوچستان میں 42 شامل ہیں۔ اب تک 5 لاکھ 80 ہزار 96 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 8 ہزار 687 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک کے 726 اسپتالوں میں 4700 مریض زیر علاج ہیں۔ 457 کورونا متاثرین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سینئرصحافی اور92نیوزپشاورسے وابستہ رپورٹر فخرالدین سید کوروناکے باعث شہیدہوگئے ۔وہ پاکستان کے پہلے صحافی ہیں جنہوںنے کوروناسے لڑتے ہوئے اپنی جان دی۔فخرالدین سید گزشتہ صبح حیات آبادمیڈیکل کمپلیکس میں کوروناوائرس سے لڑتے لڑتے خالق حقیقی سے جاملے ۔وہ گزشتہ10 روز سے بخار اورسینے میں شدیدتکلیف محسوس کررہے تھے ،ان کوایچ ایم سی کے آئسولیشن میں رکھاگیا اورپلازمہ کے ذریعے جان بچانے کی کوشش کی گئی ،انتقال سے ایک روز قبل ان کو انتہائی نگہداشت کے وارڈمیں منتقل کیاگیا تاہم وہ جانبرنہ ہوسکے، فخرالدین سیدکاشمارپشاورکے سینئر صحافیوں میں ہوتا تھا۔ریڈیو پاکستان کے 2 پروفیشنلز جمعرات کو کورونا وائرس سے جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک انجینئر اور ایک اردو نیوز ریڈر شامل ہے۔ 48 سالہ سینئر براڈ کاسٹ انجینئر محمد اشفاق ریڈیو پاکستان کے مستقل ملازم تھے اور وہ اپنی پیشہ وارانہ لگن، تکنیکی مہارت اور شرافت کی وجہ سے ادارے میں نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ 52 سالہ نیوز ریڈر ہما ظفر گزشتہ 2 دہائیوں سے ریڈیو پاکستان کے شعبہ خبر سے قومی خبریں پڑھ رہی تھیں، وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نیوز ریڈر تھیں جو حال ہی میں بیرون ملک سے پی ایچ ڈی کرکے لوٹی تھیں۔ (ن) لیگ کیس ر ہنماء نہال ہاشمی اور عطا تارڑ کے بعد ایک اور رکن پنجاب اسمبلی کورونا وائرس کا شکارہو گئے، وزیرآباد کے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کو مزید حالت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ شوکت چیمہ پی پی 51 سے رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم سب کو اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ روز بروز مقامی پھیلاؤ کیوں بڑھ رہا ہے۔ خوشخبری سناتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 1924 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور وائرس کے حملے سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 11190 ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحالی کی شرح دیکھ کر خوشی ہوئی لیکن بیک وقت 16 مزید مریضوں کی ہلاکت کے لیے وہ غمگین ہیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مقامی ٹرانسمیشن کے معاملے میں کراچی ہمیشہ کی طرح سرفہرست ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 1103 نئے کیسوں میں سے کراچی میں 905 کی تشخیص ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کیسز کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے کیونکہ ہمارے لوگوں نے ایس او پیز پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کو ہمارے لوگوں کے مفاد میں جاری کیا گیا ہے اور اگر ان کا تعاون بدستور خراب رہا تو ہم وائرس کا خاتمہ نہیں کرسکیں گے۔