ثقلین مشتاق کو پی سی بی میں نیا عہدہ مل گیا

677

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ثقلین مشتاق کو ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ تعینات کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گرانٹ بریڈ برن کی ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ، ثقلین مشتاق کی بطور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ اور عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنزمنیجرمقرر کردیا گیا ہے، تقرریاں ہائی پرفارمنس سینٹر کی ری اسٹرکچرنگ کا حصہ ہیں۔

ثقلین مشتاق کا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر 1995 سے 2004 پر محیط رہا۔ ان کی ذمہ داریوں میں  کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی ڈویلمپنٹ اور تیاری اس انداز میں شامل ہوگی کہ وہ ورلڈ کلاس کرکٹرز بن سکیں۔

 ثقلین مشتاق کو “دوسرا” کا موجد کہا جاتا ہے۔ 18 برس کی عمر میں انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کے ایک کلینڈر ائیر میں 65 وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے اگلے ہی برس ایک کلینڈر ایئر میں 69 وکٹیں لے کر ایک نیا ریکارڈ بنایا جو اب تک برقرار ہے۔ وہ اپنی باؤلنگ میں اس قدر مؤثر تھے کہ انہوں نے 1سال اور 225 دنوں میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اب تک ان کے علاوہ کوئی اور باؤلر 2 سال سے کم عرصے میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

ثقلین مشتاق لیول تھری کوچ بھی ہیں۔ ماضی میں وہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی مینز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔

گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018 سے قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ وہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ 1990 سے 2001 تک 7 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے  گرانٹ بریڈ برن اس سے قبل نیوز ی لینڈ مینز اے اور انڈر 19 ٹیموں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر پاکستان کی کرکٹ کا دل ہے جو بالآخر پاکستان کرکٹ کی سمت کا تعین کرے گا۔ بین الاقوامی معیار کے مطابق اس میں جدت لانے اور اسے معیار کے مطابق حیثیت دلانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کا مقصد قومی کرکٹ ٹیم کو دوبارہ ٹاپ رینکنگ میں پہنچانا اور اس کا سنہری دور واپس لانا ہے، اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔