ریڈیو پاکستان کے 2 ملازمین کورونا وائرس سے جاں بحق

908

ریڈیو پاکستان کے 2 ملازمین کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے، دونوں ملازمین طویل عرصہ سے ریڈیو پاکستان سے منسلک تھے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ادارے کے دو ملازمین سینئر براڈ کاسٹ انجینئر محمد اشفاق اور خاتون اردو نیوز کاسٹر ہما ظفر کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر خالق حقیقی سے جا ملے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریڈیو پاکستان نے اپنی رپورٹ میں انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملازمین سے متعلق تفصیلات بھی شیئر کی ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ سینئر براڈر کاسٹ انجینئر محمد اشفاق مستقل ملازم اور فنی صلاحیت کے حامل انتہائی قابل شخص تھے۔

جبکہ خاتون اردو نیوز کاسٹر ہما ظفر کنٹریکٹ پر گزشتہ 20 برس سے ریڈیو پاکستان سے منسلک اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں اردو خبریں پڑھ رہی تھیں۔

ہما ظفر نے بیرون ملک سے نفسیات میں پی ایچ ڈی کر رکھی تھی وہ راولپنڈی کے ایک کالج میں سینئر پروفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی تھیں۔

اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر شبلی فراز، سیکریٹری اطلاعات اکبر حسین درانی، ڈی جی ریڈیو پاکستان امبرین جان،قومی نشریاتی ادارے کے ڈائریکٹرز اور عملے نے دونوں ملازمین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پی بی سی کی ڈائریکٹر جنرل نے ایک اجلاس کے دوران کورونا وائرس کے باعث دو ملازمین کی اموات کے تناظر میں تمام شعبوں میں کام کرنیوالے ورکرز کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔