قومی وقار اور سالمیت ہمارے لئے سب سے مقدم ہے،وزیر اطلاعات

421

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ قومی وقار اور سالمیت ہمارے لئے سب سے مقدم ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات وسینیٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم تکبیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج کے دن پاکستان کو اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری ایٹمی قوت پاکستان اور اسکے عوام کے تحفظ و سلامتی کی ضامن ہے، قومی وقار اور سالمیت ہمارے لئے سب سے مقدم ہے جبکہ قوم ملک کے دفاع اور ترقی کیلئے ایک ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ  مریم نواز صاحبہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والی ایک نسل کی محنت اور کاوش کو ہر چیز کی طرح اپنے خاندان سے نہ جوڑیں۔اپنے کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر ہر مرتبہ میدان سے بھاگنے والوں سے قوم آگاہ ہے۔جو اپنے بیانیے سے وفاء نہ کرسکے وہ عوام سے کیا وفاء کریں گے۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ  آپ کی قیادت کی وفا مٹی سے نہیں پیسے سے رہی۔ان وفاؤں کی تصویریں ایون فیلڈ اور دیگر جائیدادوں کی صورت دنیا بھر میں نظر آتی ہیں۔قوم کے بچوں کا مستقبل چھین کر اپنی اولادوں کی زندگی بنانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔