بھارت میں پھنسے مزید 176 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

192

لاہور (آن لائن) کورونا لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بھارت میں پھنسے پاکستانیوں میں سے مزید 176 شہری واہگہ بارڈرکے راستے واپس پہنچ گئے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے بند کیے گئے واہگہ بارڈر کو خصوصی طور پر کھولا گیا اور بھارت سے پاکستانی شہریوں کا تیسرا قافلہ واپس پاکستان پہنچا ہے۔ یہ پاکستانی بھارت کی 20 مختلف ریاستوں میں گزشتہ دوماہ سے مقیم تھے۔نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں سے اب تک بھارت سے 400 پاکستانی شہریوں کی واپسی یقینی بنائی گئی ہے۔ بھارت سے واپس آنیوالے سید سرورحسین نے بتایا کہ ان کا تعلق کراچی سے ہے وہ 19 فروری کو بھارت کو گئے تھے، مارچ میں ان کی واپسی تھی لیکن اس دوران کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاﺅن لگ گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اوربھارت دونوں حکومتوں کے شکرگزارہیں۔اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے ہندوخاندان کے سربراہ مہیش کماربھی پاکستان واپسی پربہت خوش تھے۔ بھارت سے واپس آنیوالے پاکستانی شہریوں میں مسلمان ، سکھ اورہندوشامل ہیں زیادہ ترایسے ہیں جو مذہبی یاتراکے ویزے پربھارت گئے تھے۔