ملک بھر میں آج سے گرد آلود ہواﺅں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

231

اسلام آباد (آن لائن+اے پی پی) محکمہ موسمیات نے آج جمعرات سے آئندہ منگل تک ملک بھر میں گرد آلود ہواﺅں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ این ڈی ایم اے نے ممکنہ صورتحال کے تحت متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ موسمیات نے آج جمعرات سے آئندہ منگل تک گرد آلود ہواﺅں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔ بالائی پنجاب ، خیبر پختو نخوا، کشمیر، سندھ اور بلوچستان میں گردآلود ہوﺅں کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں ، محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے گرد غبارکا طوفان اسلام آباد سمیت پنجاب میں بارشیں برسائے گا ، جمعہ سے ہفتے تک کوئٹہ اور ژوب میں بارشیں اور ہوائیں چلیں گی جبکہ پیر کو ےہ سلسلہ بدین ، ٹھٹھہ اور حیدر آباد میں گرد و غبار کاطوفان لائے گا۔ علاوہ ازیں نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے طوفان اوربارش کی پیش گوئی کے مدنظر تمام متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تمام صوبائی محکمہ جات، این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔