ن لیگ عمران خان کی وجہ سے ہلکان ہے، مسرت چیمہ

159

لاہور (آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ واضح ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست صرف عمران خان کی بدولت ہے، قیادت سمیت پوری ن لیگ عمران خان کی وجہ سے ہلکان ہے، لاک ڈائون میں نرمی کے بعد کوروناوائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2برس میں بطور اپوزیشن جماعت کوئی کردار ادا نہیں کیا بلکہ اپنی ساری توانائیاں پوائنٹ اسکورننگ اور تنقید برائے تنقید پر صرف کیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور ان کے ترجمانوںکو عمران خان فوبیا ہو گیا ہے اور انہیں اٹھتے بیٹھے، سوتے جاگتے صرف عمران خان نظر آتے ہیں جو ان کے حواس باختہ ہونے کا ثبوت ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی کارکردگی اور گڈ گورننس سے ماضی کے نام نہاد تجربہ کار حکمرانوںکو چاروں شانے چت کردیا ہے اور ان کی بے بسی دیکھنے کے قابل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی تمام ترتوجہ کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے پر مرکوزہے لیکن مسلم لیگ (ن) اس موقع پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آرہی ۔عوام ان کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں اور وقت آنے پر ان کا محاسبہ کیا جائے گا۔ اب بھی وقت ہے کہ لیگی قیادت اور اس کے ترجمان اپنی سمت کو درست کر کے ملک اور عوام کے بہترین مفادمیں سیاست کریں بصورت دیگر انہیں آئندہ عام انتخابات میں کھڑے کرنے کے لیے امیدوار بھی میسر نہیں آئیں گے۔