بغیر منصوبہ بندی دوبارہ لاک ڈاؤن سے عوامی بغاوت کا خطرہ ہے‘ لیاقت بلوچ

137

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ از سر نو لاک ڈائون کا نفاذ افراتفری میں نہ کیا جائے ، حالات ، تدابیر اور ضابطوں سے قوم کو آگاہ کیا جائے وگرنہ کورونا پھیلے گا اور عوام میں بغاوت بھی پھیلے گی ۔ لاک ڈائون سے پہلے ہی معیشت تباہ اور غریب ، سفید پوش طبقہ پس گیا۔ حکومتی بے تدبیری نے کورونا پھیلائو کی سہولت کار ی کاکام کیاہے ۔پی آئی اے طیارہ حادثے نے قومی ہوا بازی کے تمام عیوب عیاں کردیے ، عملاً ملکی نظام پہلے ہی خراب تھا خرابی کا تسلسل جاری رکھنے سے خرابی ، ناکامی ، نااہلی اپنی انتہا کو پہنچ گئی ۔ عمران خان کی تبدیلی سرکار عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کئی اطراف سے بحرانوں کاشکار ہے لیکن حکومت اور قومی قیادت بے فکری اور لاپروائی کا شکار ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں مظالم انتہا کو پہنچ گئے ہیں ۔ بھارتی جارحانہ عزائم خطر ے کی گھنٹیاں بجارہے ہیں ۔ حکومت کی کوئی قومی پالیسی واضح نہیں پوری قوم بھارتی جارحانہ عزائم کے مقابلے میں یک جان اور سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی ۔ اقتصادی بحران سے غریب ، مزدور ، صنعت کار ، سرمایہ کار اور زراعت پیشہ طبقہ بڑی مشکلات کا شکار ہے۔ یہ وقت ہے کہ قومی وحدت ، یکجہتی ، قومی متفقہ پالیسی سے بحرانوں کا مقابلہ کیا جائے ۔ حکومت تنہا بے کار ہے اس کی نااہلی سب کچھ لپٹ دے گی ۔لیاقت بلوچ نے نارووال میں پیر سید منور حسین جماعتی کی والدہ ، پیر سید تفسیر شاہ کی اہلیہ ، گوجرانوالہ میں جمعیت اتحاد العلما کے مرکزی رہنما علامہ غلام رسول راشدی مرحوم کے گھرجاکر تعزیت کی ، جماعت اسلامی کے رہنما سابق ناظم یوسی حافظ نعیم چشتی کی اہلیہ کی نماز جنازہ کی امامت کے بعد کراچی فضائی حادثے کے شہدا کے گھروں میں بھی جاکر تعزیت کی ۔