سندھ پبلک سروس کمیشن میں جعلی ڈومیسائل بنا کر نوکریاں دی گئیں‘ پی ٹی آئی

349

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، بیت المال سندھ کے سربراہ حنید لاکھانی نے اقرا یونیورسٹی کیمپس میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہے‘ جس میں غیر ملکی ٹیم بھی شامل ہے‘ ہم یقین دہانی کراتے ہیں کہ طیارہ حادثے کی صاف شفاف تحقیقات ہوں گی‘ سندھ حکومت ایک سرکاری اسپتال میں سرد خانہ کا بتا دے جہاں بیک وقت200 لاشیں آسکیں‘ شہر میں جتنے وینٹی لیٹرز ہیں ان کے آپریٹر نہیں ہیں‘ نثار کھوڑو نے عمران اسماعیل کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا‘ہم نے آرٹیکل 149کے نفاذکا مطالبہ کیا تھا‘ سندھ پبلک سروس کمیشن میں جعلی ڈومیسائل بنا کر نوکریاں دی گئیں‘ شہریوں کی حق تلفی کی گئی‘میں عمران خان سے سوال کرتا ہوں کہ آپ کب تک سندھ حکومت کو موقع دیں گے ؟ اب مزید عوام ان کی کرپشن برداشت نہیں کر سکتی ہے۔ پی ٹی آئی مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ہم 18ویں ترمیم کے خلاف نہیں بلکہ اس کے غلط استعمال کے ہیں‘ 18 ویں ترمیم کے نام پر 15 ہزار ارب یہ لوگ گزشتہ 12سال میں کھا گئے ہیں‘ سعید غنی کو ہر معاملے پر بھیج دیا جاتا ہے‘ سعید غنی کا ہوا بازی سے کیا تعلق ہے؟ ہم طیارے حادثے کی جائے وقوع پر پہنچے تو ہمیں پولیس، رینجرز، افواج پاکستان اور ایدھی نظر آئی‘ وہاں سندھ حکومت کی ایک ایمبولینس نظر نہیں آئی‘ بوجھا اور ائر بلو کی رپورٹ پر پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی بتائے‘ وزیر اعلیٰ صرف تصاویر کے لیے وہاں پہنچے تھے‘ پی آئی اے اور انشورنس کمپنی رابطے میں ہیں‘ مزید 50روپے لاکھ تمام لواحقین کو دلوائیں گے ‘ سندھ حکومت مساجد، امام بارگاہیں بند کرتی ہے اور شراب خانے کھولتی ہے۔ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا تعلق یزیدی ٹولہ سے ہے‘ سندھ حکومت کی رہنماؤں کی پریس کانفرنس میں جھوٹ کی ملاوٹ شامل ہے‘سندھ پاکستان کا واحد صوبہ ہے جس کا شرح تعلیم نیچے جا رہا ہے‘سندھ حکومت اپنے نظام کے خلاف پریس کانفرنس کرے ‘ میں وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ اب ایکشن لینا ہوگا‘ سندھ حکومت نے پورے سندھ کو کربلا بنا دیا ہے‘ کراچی والے پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں۔