بھارت اور قطر میں پھنسے 427 پاکستانی وطن پہنچ گئے

164

اسلام آباد /لاہور ( آن لائن +نمائندہ جسارت) بھارت اور قطر میں پھنسے 427 پاکستانی وطن پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق قطر ائر لائن کی پرواز کیو آر 632 کے ذریعے 251 مسافر دوحہ سے اسلام آباد ائرپورٹ پہنچ گئے۔ائر پورٹ پہنچنے پر ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کی جس کے بعد مسافروں کو مختص ہوٹلز اور ضلعی انتظامیہ کے قرنطینہ مراکز منتقل کردیا گیا۔ اس سے قبل جمعہ کی رات پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے 250 افراد سعودی عرب سے پاکستان واپس پہنچے تھے۔علاوہ ازیں کورونالاک ڈائون کی وجہ سے بھارت میں پھنسے پاکستانیوں میں سے مزید 176 شہری واہگہ بارڈرکے راستے واپس پہنچ گئے۔کورونا وائرس کی وجہ سے بند کیے گئے واہگہ بارڈر کو خصوصی طورپرکھولاگیا اور بھارت سے پاکستانی شہریوں کا تیسرا قافلہ واپس پاکستان پہنچا ہے۔ یہ پاکستانی بھارت کی 20 مختلف ریاستوں میں گزشتہ دوماہ سے مقیم تھے۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں سے اب تک بھارت سے 400 پاکستانی شہریوں کی واپسی یقینی بنائی گئی ہے۔ واپس آنے والے پاکستانی شہریوں میں مسلمان، سکھ اورہندوشامل ہیں زیادہ ترایسے ہیں جو مذہبی یاتراکے ویزے پربھارت گئے تھے۔ دوسری طرف پاکستان میں مقیم بھارتی شہری بھی واپس اپنے ملک جانے کے منتظرہیں، اس وقت 208 بھارتی شہری پاکستان میں مقیم ہیں جن میں مقبوضہ جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والی میڈیکل کی طالبات بھی شامل ہیں جولاہورکی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مقیم ہیں۔