نصف سنچری کے باوجود وفاقی کابینہ کی کارکردگی صفر ہے‘ حافظ حسین احمد

161

جہلم(آن لائن)جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں وزرا اور مشیروں کی نصف سنچری کے باوجود کارکردگی صفرہے، کابینہ میں دھڑا دھڑ بھرتیوں کے بجائے کارکردگی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، میاں برادران کو ایک پیج پر آنا ہوگا، شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کے لیے بردار یوسف نہ بنیں، سندھ میں گورنر راج کی باتیں اور 18ویں ترمیم میں چھیڑ چھاڑ نیک شگون نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کابینہ میں پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے جبکہ منتخب کے بجائے غیر منتخب وزراء اور مشیروں کی فوج بھرتی کی گئی ہے، عمران خان نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مختصر کابینہ رکھنے کے بیان پر یوٹرن لیا اور 50سے زائد کی کابینہ تشکیل دیدی ہے وزرا اور مشیروں کی تعداد میں اضافے سے کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑ رہا، نااہلوں کی ٹیم نے نصف سنچری تو مکمل کرلی ہے مگر ان کی کارکردگی صفر ہے ‘تحریک انصاف سندھ میں گورنر راج نافذکرنے اور 18ویں ترمیم میں چھیڑ چھاڑ کی باتیں کررہی ہے اگر ایساکوئی بھی غیر آئینی اقدام کیا گیا تو یہ نیک شگون نہیں ہوگا اور ملک میں افراتفری پیدا ہوگی۔