لداخ میں عبرتناک پسپائی بھارت کے لیے سبق ہے‘ پاکستان علما کونسل

114

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان علما کونسل کے قائدین نے کہا ہے کہ لداخ میں عبرتناک پسپائی بھارت کے لیے سبق اور دنیا کے لیے بہت بڑا پیغام ہے۔ چین نے ثابت کردیا کہ بھارت لاتوں کا بھوت ہے وہ باتوں سے ماننے والا نہیں، اتنی بڑی ذلت آمیز شکست کے بعد ہمسایہ ملک کے سر سے خطے میں بالادستی کا بھوت اتر جاناچاہیے اور اسے ناصرف جموں و کشمیر سے اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرنا چاہیے بلکہ اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ بھی تعلقات بہتر بنانے چاہییں۔دنیا اس بات کو اچھی طرح جانتی ہے کہ کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے مودی سرکار اپنی شر انگیزیوں سے باز نہ آئی تو جنگ کے بادل خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ یہ صورتحال اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنیکی متقاضی ہے، مزید تاخیر کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے جس کے اثرات سے دنیا کا کوئی ملک محفوظ نہیں رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا اسد زکریا قاسمی، مولانا عبدالکریم ندیم ،مولانا محمد رفیق جامی، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا اسد اللہ فاروقی ودیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ قائدین نے کہا ہے کہ علاقائی امن و سلامتی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت کا خطے میں بالادستی کا پاگل پن ہے، خطے پر تسلط و حکمرانی کے لیے بھارتی پالیسی سازکشمیر، افغانستان، بلوچستان، نیپال، چین سمیت جہاں جہاں ممکن ہے شر انگیزی سے باز نہیں آتے، بھارت کے اس خواب کے راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ چین اور پاکستان ہیں، چین نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر اپنا علاقہ بھارت کے قبضے سے چھڑا کر اسے مزہ چکھا دیا ہے۔