کشمیری اور بھارتی مسلمانوںکو تنہا نہیں چھوڑیں گے،گورنر پنجاب

215

لاہور (نمائندہ جسارت) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ مودی بھارت اوراَمن کا بڑ ا دشمن بن چکا ہے ۔آر ایس ایس کی سوچ رکھنے والے مودی کے جنگی جنون نے خطے میں اَمن کو دائو پر لگا رکھا ہے، ہم کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوںکے ساتھ ہیں کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کو بھارت کے جنگی جنون ،کشمیر یوں اور بھارتی مسلمانوں پر مظالم کا سخت اور دو ٹوک نوٹس لینا چاہیے۔وہ گورنر ہائوس میں آزاد کشمیر سے تحر یک انصاف کے رکن مرزا ابوبکر جرال کی قیادت میں ملاقات کر نے والے کشمیر ی وفد سے گفتگو رہے تھے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ بھارت سمیت کوئی بھی ہماری اَمن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے ، بھارت میں آج ہندوتوا ایجنڈے کے تحت اجتماعی اور انفرادی طورپر انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے اور اقلیتوں کو ریاست اور غیر ریاستی عناصر کے ذریعے قتل کروایا جارہا ہے جو دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کوکھلے عام مسلمانوںسمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف بھارت کا بطور ہتھیار استعمال انسانی حقوق کا قتل ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں اور بھارتی مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور انکے حقوق کے لیے ہر فورم پر جنگ لڑ یں گے۔