سعودی عرب کی بحالی اور مساجد کیلئے نئی حکمت عملی کا اعلان

275

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی ریلوے کمپنی ’سار‘نے 31 مئی سے دوبارہ سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ کمپنی کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیاکہ صارفین کمپنی کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے سفر کے لیے ٹکٹ کی بکنگ کرا ستے ہیں۔ قبل ازیں سعودی سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی نے بھی 31مئی سے اندرون ملک پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ شعبہ صحت سے متعلق اداروں کی سفارش پر کیا گیا ہے، تاہم یہ اجازت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کی پابندیوں کے ساتھ دی گئی ہے۔ دوسری جانب سعودی وزارت مذہبی امور نے مکہ مکرمہ کے سوا باقی تمام مساجد میں با جماعت نماز اور جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دیتے ہوئے نیا ہدایت نامی جاری کردیا۔ وزیر مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل شیخ نے کہا ہے کہ نماز جمعہ اور با جماعت نمازوں کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ عارضی طور پر مساجد سے قرآن پاک کے نسخے اور کتب اٹھا لی گئی ہیں۔ وضو خانے بند رہیں اور شہری گھر سے وضو کرکے آئیں گے۔ مساجد میں تعلیم اور تحفیظ القرآن کے سلسلے تاحکم ثانی موقوف رہیں گے۔ مساجد کو اذان سے 15منٹ قبل کھولا جائے گا اور فرض نماز کی ادائیگی کے 10منٹ بعد بند کردیا جائے گا۔ اذان اور اقامت کے درمیان 10منٹ کا وققہ ہوگا۔ ادھر سعودی حکام نے ملک میں موجود سیاحوں کے سیاحتی ویزے میں 3ماہ کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔ یہ توسیع ان غیر ملکیوں کے لیے ہے ، جن کے ویزوں کی میعاد بین الاقوامی فضائی پروازوں کے معطل رہنے کے عرصے کے دوران ختم ہو گئی ہے ۔