یورپی یونین ،اقتصادی بحالی کیلئے 10 کھرب یورو کا پیکج

316

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی کمیشن کی خاتون سربراہ ارزولا فان ڈئر لائن نے معیشت کی بحالی کے لیے 10 کھرب یورو کا منصوبہ پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یورپی کمیشن کی سربراہ کورونا وائرس کے بحران کے بعد آیندہ بجٹ میں یورپی معیشت کی بحالی کے لیے 10کھرب یورو خرچ کرنا چاہتی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کے لیے ’ریکوری فنڈ کی منظوری سے ان کی سیاسی طاقت میں بھی اضافہ ہوگا۔ یورپی کمیشن پہلے ہی علاقائی امداد فراہم کررہا ہے، جو کئی دہائیوں سے یورپ میں معاشی طور پر کمزور خطوں کی مدد اور ترقی کے لیے استعمال ہوتی رہی ہے۔ منصوبے کے تحت زیادہ تر رقوم یورپی یونین کے طویل المدتی منصوبوں کے لیے فراہم کی جائیں گی۔ ان میں تحفظ ماحول، ڈیجیٹلائزیشن اور تحقیق و ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔ اس فنڈ سے ایسی صنعتوں کی مدد ہرگز نہیں کی جائے گی، جو کورونا بحران کی وجہ سے دیوالیہ ہونے کے قریب ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نقطہ یورپی پارلیمان میں شدید اختلافات کا باعث بھی بنے گا، کیوں کہ کئی یورپی ممالک اپنے ہاں روزگار کی منڈی کو بچانے کے لیے فوری امداد کی امید رکھتے ہیں۔ یہ رقم براہ راست کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے علاقوں میں خرچ کی جائے گی اور اس کے ذریعے سرکاری خزانوں کو کوئی سبسڈی نہیں ملے گی۔ جرمن چانسلر انجیلا میرکل اور فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں کی رائے کے برعکس یورپی یونین کے 4ممالک آسٹریا، ڈنمارک، ہالینڈ اور سوئیڈن چاہتے ہیں کہ یہ رقوم یورپی ممالک کو بطور قرض فراہم کی جائیں تاکہ ان کی واپسی ممکن ہو سکے۔ ادھر اٹلی ان کی مخالفت کر رہا ہے، کیوں کہ وہ نہیں چاہتا کہ اس پر قرضوں کا بوجھ مزید بڑھے۔ ماہرین کے مطابق اس مسئلے کا حل سبسڈی اور قرضوں کا امتزاج ہو سکتا ہے۔