معلومات ’جھوٹ‘ قرار دینے پر ٹرمپ ٹوئٹر پر برس پڑے

410

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے پہلی بار اپنے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹس میں کہی گئی باتوں پر یقین کرنے سے پہلے معلومات کی درستگی کی تصدیق کر لیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ٹوئٹر نے صدر ٹرمپ کے ایک ٹوئٹ پر ’’فیکٹ چیکنگ‘‘ کا انتباہی لیبل بھی لگا دیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ٹوئٹ میں دی گئی معلومات غلط بھی ہو سکتی ہیں۔ ٹوئٹر نے صدر ٹرمپ کی میل اِن بیلٹس کے ووٹنگ طریقۂ کار سے متعلق ٹوئٹس پر ’’فیکٹ چیکنگ‘‘کا لیبل لگا کر اپنے صارفین کو تنبیہ کی ہے کہ اس ٹوئٹ میں غیر ضروری معلومات دی گئی ہیں۔ ٹوئٹر نے ٹوئٹر کا لنک صارف کو جس نئے پیج پر لے جاتا ہے اس پر شہ سرخی میں درج ہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ دعویٰ کہ میل اِن بیلٹس کا طریقۂ کار ووٹرز کو فراڈ کی طرف لے جاتا ہے اور یہ ایک کمزور دعویٰ ہے۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے 2020ء کے صدارتی انتخابات میں مداخلت قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر نے سی این این، ایمیزون اور واشنگٹن پوسٹ کی خبروں سے یہ معلومات اٹھا کر میرے دعووں کو غلط قرار دیا ہے جب کہ ان اداروں کی خبریں جھوٹی ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر کے عمل کو آزادی اظہار پر قدغن قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں بطور صدر ایسا نہیں ہونے دوں گا۔