یمنی باغیوں نے سعودی گاؤں پر میزائل داغ دیا‘ 3 خواتین زخمی

234

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کے سرحدی صوبے جازان کے گاؤں میں یمنی باغیوں کے میزائل حملے سے 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔ سعودی شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن یحییٰ غامدی نے بتایا کہ یمن کی جانب سے آنے والا میزائل حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا تھا۔ میزائل سے ایک مکان کو نقصان پہنچا اور اندر موجود 3خواتین زخمی ہو گئیںاور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے میں 2خاندانوں کے درمیان تنازع کے دوران فائرنگ سے 6افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ صوبہ عسیر میں فائرنگ سے لیفٹیننٹ کرنل زید دباش سمیت 3افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس نے فوری کارروئی کرتے ہوئے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ ضبط کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ادھر پولیس کی جانب سے جاری بیان میں واقعے کو دہشت گردی قرار نہیں دیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ میں 2خاندان ملوث تھے، تاہم ان کے درمیان تنازع کی وجہ واضح نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اپریل 2018ء میں صوبہ عسیر میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں 4سیکورٹی اہل کار ہلاک اور 4دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ اس سے قبل 2017ء میں جدہ میں شاہی محل کے باہر فائرنگ کے واقعے میں 2سیکورٹی گارڈ ہلاک اور 3محافظ زخمی ہو ئے تھے۔ سعودی وزارت داخلہ نے بتایا تھا کہ 28سالہ شخص گاڑی میں جدہ کے السلام محل کے دروازے تک پہنچا تھا اور سیکورٹی پر تعینات محافظوں پر فائرنگ کی تھی۔ 2015ء میں بھی مشرقی علاقے میں مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں5 افراد ہلاک اورکئی زخمی ہوگئے تھے۔