لیبیا: باغیوں کی مدد کے لیے روس نے طیارے بھجوا دیے

366

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے کہ روس کے ’واگنر نامی نجی عسکری گروہ نے اپنے 1200فوجی لیبیا میں تعینات کردیے،جو باغی حفتر ملیشیا کو امداد فراہم کررہے ہیں۔ امریکی ذرائع کے مطابق روس نے اپنے فوجیوں اور باغیوں کی مدد کے لیے لڑاکا طیارے لیبیا میں کھڑے کررکھے ہیں۔ جرمنی میں افریقاکے لیے امریکی فوجی کمان نے بتایا کہ روسی لڑاکا طیاروں نے روس سے لیبیا جاتے ہوئے راستے میں شام میں لینڈنگ کی تھی۔ شام میں ان طیاروں کی روسی شناخت چھپانے کے لیے انہیں رنگ کیا گیا تھا۔ جنگی طیاروں کی ذمے داری واگنر گروپ کو مدد فراہم کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کی لیک ہونے والی رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ روس لیبیا میں اپنے حق میں صورت حال تبدیل کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ افریقی کمانڈ نے 19مئی کو لیبیا کے ہوائی اڈے جوفرا کی تصاویر جاری کی ہیں،جن میں کئی مگ 29 لڑاکا طیارے دیکھے جاسکتے ہیں۔ ادھر روس نے تمام الزامات کو مسترد کردیا،جب کہ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ لیبی فوج اور باغیوں میں سے کوئی فریق بھی ایسے طیاروں کی دیکھ بھال کی اہلیت نہ رکھتا۔ دوسری جانب یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے رابطہ کار جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے ایجنڈے میں لیبیا فوج بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے یورپی پارلیمان کے ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت طرابلس کے اطراف میں شدید جنگ کے ہوتے ہوئے یورپی یونین امن مشن میں شریک نہیں ہو سکتی۔