ٹنڈوآدم،مختلف واقعات میں 4افراد ہلاک ،متعدد زخمی

164

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم میںگزشتہ تین روز کے دوران مختلف واقعات میں چار افراد جاں بحق، متعدد زخمی۔ ٹنڈو آدم عید چھٹیوں کے دوران ٹنڈو آدم و گردونواح میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ بی سیکشن تھانے کی حدود میں عید کے پہلے روز بھٹائی نگر کالونی کا رہائشی 45 سالہ وزیر علی خاصخیلی کی لاش تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم لائی گئی، پولیس کے مطابق متوفی مویشیوں کا بیوپاری تھا اور اس کی موت زائد مقدار میں شراب پینے کے باعث ہوئی۔ عید کے دوسرے روز شہید بینظیر بھٹو فلائی اوور پر گوٹھ خیر محمد مری کا رہائشی 28 سالہ آصف جٹ ولد ادریس جٹ تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل کا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور پل کی حفاظتی دیوار سے ٹکرانے کے باعث پل سے نیچے جا گرا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ دوسری جانب دعوت پر آنے والے ٹنڈو آدم گاؤں کے ٹو فارم پر حسنین قادر جونیجو کے فارم ہاؤس پر عید کے موقع پر اپنے بھائی معید راہو کے ہمراہ شرکت کرنے والے 19سالہ شھمیر راہو ولد ممتاز راہو سوئمنگ پول میں نہانے کے دوران مبینہ طور پر سلپ ہونے کے سبب ڈوب گیا جبکہ جونیجو ہاؤس کے مطابق متوفی شھمیر خان راہو دل کا دورہ پڑنے کے سبب جاں بحق ہوا ہے۔ متوفی کی لاش کو گزشتہ شب نجی اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی۔ لاش کو نیو سعید آباد گاؤں شھمیر خان راہو پہنچا دیا گیا۔ باقر موری اسٹاپ کے قریب پچاس سالہ چیتن بھیل نے مبینہ طور پر روہڑی کینال میں چھلانگ لگا کر موت کو گلے لگا لیا۔ ورثا کے مطابق متوفی مقروض تھا، نہر کنارے سے قمیض اور موبائل فون پڑے ملے، تاہم لاش برآمد نہیں ہوسکی۔ علاوہ ازیں پنجاب سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کی زد میں آکر میواتی محلے کی سات سالہ ساجدہ دختر حمید شیخ شدید زخمی ہوگئی جسے تعلقہ اسپتال ٹنڈو آدم میں طبی امداد دینے کے بعد تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب اندھی گولی لگنے کے سبب مسجد میں بیٹھے موذن علی نواز کھوسو زخمی ہوگئے، جنہیں تعلقہ اسپتال پہنچایا گیا جبکہ موٹر سائیکل ریس کے دوران متعدد نوجوان زخمی بھی ہوئے۔