کسٹمز کی کارروائیوں میں کروڑوں کا کپڑا اور غیر ملکی اشیا برآمد

156

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پریونٹیو کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے 3 مختلف کارروائیوںمیں کروڑوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ کپڑے سمیت دیگر اشیا ضبط کرکے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔ذرائع کے مطابق کلکٹر پریونٹیو کو خفیہ اطلاع ملی جس پر شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب چھاپا مار کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا برآمد کرلیا گیا ۔کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ نرسری کے قریب چھاپا مار کارروائی کے دوران اسمگل شدہ کپڑے کی 6 گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔کسٹمز حکام نے کروڑوں روپے مالیت کا کپڑا اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔جبکہ ایک دوسری کارروائی کے دوران لاہورسے کراچی آنے والی ٹرین کے ذریعے بھارتی اشیا کی اسمگلنگ کی اطلاع پر کلکٹرپریونٹیوکی جانب سے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے سٹی اسٹیل پر قائم ایک گودام پرچھاپا مارکرجانچ پڑتال کی توگودام سے 39لاکھ 12 ہزار روپے مالیت کے مختلف برانڈ کے 3762 کلوگرام ہیئر آئل،4 لاکھ 46 ہزار مالیت کے ہیئر اسپرے،4 لاکھ93 ہزار مالیت کے مساجر، 4 لاکھ 22 ہزار مالیت کے باڈی اسپرے،3 لاکھ 39 ہزار مالیت کے ٹوتھ پیسٹ،6لاکھ7ہزارمالیت کے ٹوتھ برش، 11لاکھ 26ہزارمالیت کے سینی ٹائرز، 2لاکھ 5ہزار مالیت کی گھڑیاں برآمدہوئیں جنہیں محکمہ کسٹمزنے قبضے میںلیتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ضبط کی جانے والی اشیا پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈکی اسٹمپ لگی ہوئی تھی۔علاوہ ازیںماڈل کسٹمز کلکٹریٹ کراچی پریوینٹو اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (ASO) کے عملے نے انچارج سپرنٹنڈنٹ جمال ضیاء کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر ان ہی کی سربراہی میں اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی ٹیم نے سائٹ ایریا شیر شاہ میں قائم اکبر گودام پر کامیاب چھاپا مار کارروائی میں 2 کروڑ39 لاکھ82 ہزارروپے مالیت کا اسمگل شدہ پردوں کا غیر ملکی کپڑا برآمد کر کے ضبط کیا ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ کسٹمزکی جانب سے کسٹم ایکٹ کے تحت مفرور اسمگلرز کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلیے کارروائی کی جارہی ہے۔