حکومت کوبیک وقت وبا اور معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے ‘عبدالحفیظ شیخ

149

لاہور( آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلیے فنڈز مختص کر رہی ہے ،آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی،پاکستان ہائوسنگ اسکیم کے لیے90 فیصد ٹیکس کم کر دیے گئے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے جو ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔حکومت کو ایک ہی وقت میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور معیشت کے چیلنجوں کا سامنا ہے اور وہ قومی معیشت کے استحکام اور کورونا وائرس سے موثر طور پر نمٹنے کیلیے کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت صوبوں کے اشتراک سے زرعی پالیسی متعارف کرائے گی اور اس سلسلے میں کاشتکاروں کی سہولت کیلیے کھاد کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تعمیراتی صنعت کے لیے مزید سہولیات فراہم کرے گی اور پاکستان ہائوسنگ اسکیم کے لیے90 فیصد ٹیکس کم کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانا ہے۔