مودی حکومت ہمسایوں اور خطے کیلیے خطرہ بن گئی‘ عمران خان

198

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہندوتوا کے نظریے پر کاربند مودی حکومت ہمسائیوں اورخطے کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔بدھ کو جاری ہونے والے اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا کی علمبردار مودی حکومت متنازع شہریت ایکٹ کے بعد بنگلا دیش، چین اور نیپال کو دھمکیاں دی جارہی ہیں جب کہ پاکستان کو بھی جھوٹے فلیگ آپریشن سے ڈرایا جارہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نازی ازم کی طرز پر توسیع پسندانہ پالیسیوں پر کاربند ہے اورآزاد کشمیر کے علاقے کا بھی جھوٹا دعویدار بن رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہبھارت نے مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی طور پر الحاق کیا اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فاشسٹ مودی حکومت بھارتی اقلیتوں کے لیے بھی خطرات کا باعث ہے، بھارت کے ان ہتھکنڈوں کی وجہ سے خطے کا امن خطرات سے دوچار ہے۔