ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں‘ سندھ میں پارہ 50ڈگری تک پہنچ گیا‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے زندگی اجیرن بنادی

382

کراچی/ حیدرآباد/ ٹنڈوالٰہیار/ جیکب آباد/ میرپورخاص/ لاہور/ اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+ نمائندگان جسارت+ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں شدید گرمی کا راج ہے، گرمی نے لوگوں کو بے حال کر دیا، سندھ میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا، حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ، موہنجوداڑو، مٹھی اور جیک آباد شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں،شدید گرمی کے باعث متعدد افراد بے ہوش، سڑکیں سنسان ہوگئی، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری،شہری بلبلا اٹھے، برف کی قلت پیدا ہوگئی، ٹھنڈی مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بدھ کے روز شدید گرمی رہی اور درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا، قیامت خیز گرمی اور گرم ہوائیں چلنے کے باعث شہر بھر میں متعدد افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، شہر کی مارکیٹیں اور سڑکیں سنسان ہوگئی ہیں اور لوگ گھروں میں محصورہوکر رہ گئے ہیں، دوسری جانب شہر کے مختلف فیڈرز پر 12،12 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔ادھرحیدرآباد میں بدھ کے روز قیامت خیز گرمی اور سخت گرم ہواؤں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی ۔لوگوں نے یادہ وقت گھروں پر ہی گزارا ۔تیز گرم ہوائیں بند کمروں میں بھی چین نہیں لینے دے رہیں، بازاروں میں سناٹا رہا ،شہر میں درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ رہا ۔گرمی کے ساتھ حیسکو کی جانب سے بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے باعث دن بھر گرمی سے پریشان حال لوگ رات کو بھی چین کی نیند نہیں سو سکتے۔ بجلی کی بندش کے باعث کئی علاقوں میں پانی کی قلت پیداہوگئی ہے جس کی وجہ سے شہری سخت اذیت اور مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں، شہر میں برف کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور ٹھنڈی مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، سخت ترین گرمی اور بجلی کی لوڈیڈنگ کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔جبکہ ڈاکٹرز نے بچوں ‘ بزرگوں کو دوپہر کے اوقات میں گھروں سے نہ نکلنے اور ضرورت کے تحت گھروں سے نکلنے والوں کو سخت احتیاط کے ساتھ سر‘ منہ ڈھانپ کر نکلنے بار بار ہاتھ منہ دھونے کی ہدایت کی ہے۔ ٹنڈوالٰہیار اور میرپورخاص میں بھی سورج سوا نیزے پر رہا اور درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، سکھر، نوابشاہ، موہنجوداڑو، دادو،مٹھی بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں پارہ 48 سینٹی گریڈ رہا، تھر پارکر میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 29.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں شمال مغرب سے ہوائیں27 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہیں جو شام کے وقت مزید تیز ہوگئیں۔کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسم شدید گرم رہا۔ لاہور میں درجہ حرارت44، ملتان اور بہاولپورمیں 46، ڈی جی خان میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جنت نظیر وادی کشمیر میں آج موسم خشک رہے گا۔ جموں میں بھی شدید گرمی ہے، پارہ 42 رہا۔ سری نگر میں 29، لیہ میں 13، بارہ مولا اور اننت ناگ میں درجہ حرارت28 سینٹی گریڈ رہا۔