مسئلہ کشمیر پر قومی قیادت کا مشاورتی اجلاس فوری بلایا جائے، سینیٹر سراج الحق

440

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہےکہ مسئلہ کشمیر پر قومی قیادت کا مشاورتی اجلاس فوری بلایا جائے، اداروں کو مکمل تباہی سے بچانے کے لیے بے لاگ احتساب کی ضرورت ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کورونا وبا اور رمضان المبارک میں متاثرین اور مستحقین کی خدمت کرنے والے جماعت اسلامی اور الخدمت فاﺅنڈیشن کے کارکن جماعت کا اصل سرمایہ ہیں ، طیارہ حادثہ کی شفاف انکوائری کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جاسکے، حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے ۔ اوورسیز پاکستانیوں سے ڈبل کرائے اور قرنطینہ اخراجات کے نام پر وصول کی گئی بھاری رقوم واپس کی جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کو روکنے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے ، لداخ میں چین کے ہاتھوں ہزیمت کے بعد مکار دشمن اپنی خفت مٹانے کے لیے پاکستانی سرحدیا ایل او سی پر معصوم لوگوں کو نشانہ بناسکتاہے، بھارتی اشتعال انگیزی سے عالمی برادری کو آگاہ رکھنا بہت ضروری ہے۔