قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں تینوں کوچز کی شمولیت مشکل

486

دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کےٹریننگ کیمپ کےابتدائی مرحلےمیں تینوں کوچزکی شمولیت مشکل دکھائی دیتی ہے۔

فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈبرن پی ایس ایل سےقبل ہی چھٹیوں پراپنےوطن نیوزی لینڈجا چکے ہیں، ممکنہ کھلاڑیوں کےٹریننگ کیمپ کےابتدائی مرحلےکاجون کےپہلےہفتےسےپلان بنایاجارہاہے اور ہیڈکوچ مصباح الحق ،میڈیکل شعبےکےسربراہ ڈاکٹرسہیل سلیم جلدتفصیلات بتائیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے سلیکٹرز نے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پرابتدائی مشاورت جاری  ہے۔ سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کے درمیان بھی مشاورت کے  بعد امکان ہے کہ 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ ان دنوں دورہ انگلینڈ کی تیاریوں میں مصروف ہے، اس حوالے سے دو روز قبل پی سی بی نے کھلاڑیوں کو بریفنگ بھی دی ہے اور اپنے پلان کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔کرکٹرز کی صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرنے کی یقین دہانی دلاتے ہو ئے پی سی بی نے اعلان کیا کہ جون کے اوائل میں کرکٹرز کے لئے ٹریننگ پلان تیار کیا جا رہا ہے، کرکٹرز گروپ کی شکل میں تربیت حاصل کریںگے جس کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو ہر طرح سے طبی لحاظ سے محفوظ بنایا جائیگا۔ پاکستان 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا،ٹریننگ کیمپ کیلیے کون کون ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہو گا، اس کے لیے سلیکٹرز نے ابتدائی مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 ممکنہ کھلاڑیوں کو کیمپ میں بلایا جائے گا۔ کیمپ میں سنٹر ل کنٹریکٹ میں شامل تمام21کھلاڑی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ فواد عالم سمیت ان کرکٹرز کو بھی بلایا جائیگا جو حالیہ اسکواڈز کا تو حصہ رہے ہیں لیکن کنٹریکٹ میں شامل نہیں ہیں، ان میں محمد موسیٰ، عماد بٹ، خوشدل شاہ اور عثمان قادر کے نام ہیں۔سلیکٹرز محمد عامر، وہاب ریاض، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے حوالے سے بھی مشاورت کررہے ہیں۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ملتوی ہونے کی وجہ سے شعیب ملک اور محمد حفیظ کا کیس کمزور پڑ سکتا ہے، محمد عامر اور وہاب ریاض بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہیں تھے لیکن اب محمد عامر کو ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ٹریننگ سے قبل تما م کرکٹرز، سپورٹ اسٹاف اور متعلقہ لوگوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کیخلاف اس سال ہونیوالی سیریز کا مجوزہ پلان تیار کرلیا ہے، پلان کے مطابق پاکستان ٹیم 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔