سندھ حکومت کا دوبارہ سخت لاک ڈائون لگانے کا عندیہ

609

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے کی صورت میں دوبارہ سخت لاک ڈاؤن لگا سکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی کاوشوں کو ریل اور جہاز کی سفری آزادیاں نقصان پہنچا رہی ہیں، موجودہ حالات میں انسانیت کی بقا میں مصروف مسیحا ہمارا فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں بیڈز اور دیگر سہولیات بھی بڑھا رہے ہیں، پولیس رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں جبکہ عوام سانحہ ماڈل کالونی کے شہدا اور متاثرین کو ضرور یاد رکھیں۔

ناصر حسین کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے کی صورت میں دوبارہ سخت لاک ڈاؤن لگا سکتے ہیں، عوام کسی بھی طرح کی افواہوں پر کان نہ دھریں تاہم صرف مخصوص اوقات میں ایس او پیز کے تحت کاروبار جاری رہنا چاہیے۔