ریاض میں محفل نعت کی تقریب

327

سعودی دارالحکومت ریاض میں محفل نعت کی آن لائن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے نعت پڑھنے والوں نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جبکہ نظامت کے فرائض حافظ عرفان کھٹانہ نے انجام دیے۔ کینیڈا سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی کی نائب صدر شاہینہ کشور نے خصوصی شرکت کی اور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ امریکا سے خرم سہیل، عتیق الدین حیدر اور آسٹریلیا سے ڈاکٹر طاہر نے شرکت کی اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ سعودی عرب سے معروف نعت خواں عابد شمعون چاند، زاہد شریف، ما نی چوہان، مبشر انوار، ڈاکٹر ندیم بھٹی ، ملک کامران اور حافظ عرفان کھٹانہ نے نعت پڑھ کر محفل کو پر نور بنا دیا۔
محفل نعت میں پاکستان سے معروف نعت خواں محمد آصف صابری نے خصوصی شرکت کرکے اپنی آواز کا جادو جگا کر سماں باندھ دیا اور خوب داد وصول کی۔ محفل کے انتظامی امور خرم خان کے ذمے تھے، جنہوں نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح سرائی ہی سے دلوں کو منور کیا جا سکتا ہے۔ محفل نعت کے آخر میں ڈاکٹر احمد ندیم بھٹی اور امتیاز احمد نے تمام نعت خواں حضرات کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ آیندہ بھی ایسی بابرکت محافل ہوتی رہیں گی۔ محفل نعت کے آخر میں عالم اسلام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔